دبئی،14؍فروری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق اوپنر ناصر جمشید کو انسدادِ بدعنوانی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر عارضی طور پر معطل کر کے تمام فارمیٹس کی کرکٹ میں حصہ لینے سے روک دیا ہے۔یہ خبر پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے دی، جو بعد میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے پریس ریلیز کی صورت میں جاری کی ہے۔اس پریس ریلیز میں ناصرجمشیدکومعطل کرنے کی مزید کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے لیکن یہ معطلی پاکستان سپر لیگ سکینڈل کا حصہ ہے۔خالد لطیف اورشرجیل خان مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث ہونے پر پاکستان سپر لیگ سے باہر کر دیے گئے ہیں اور انھیں اظہار وجوہ کے نوٹس بھی جاری کردیے گئے ہیں۔ دونوں کو معطل کر کے پہلے ہی وطن واپس بھیجا جا چکا ہے۔ان دونوں کرکٹروں کی معطلی کے بعدذرائع ابلاغ میں ناصر جمشید کا نام گردش کر رہاتھاکہ انھی نے مبینہ طور پر شرجیل خان اور خالد لطیف کو مشکوک شخص سے ملاقات کے لیے کہا تھا۔ناصر جمشید پاکستان کی طرف سے دو ٹیسٹ، 48ون ڈے اور 18ٹی 20انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں انھوں نے تین سنچریاں بھی بنا رکھی ہیں۔وہ آخری بارپاکستان کی طرف سے2015کاورلڈ کپ کھیلے تھے لیکن اس عالمی مقابلے میں ان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی تھی۔